اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ، قومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوٹر امجد پرویز اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ لاہور کے افسوسناک واقعے کی وجہ سے وکلا ہڑتال پر ہیں، میں لاہور سے آیا ہوں یہ ہائی پروفائل کیس ہے میڈیا پر چلنا ہے، یہ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہو گا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ لاہور میں کل جو ہوا وہ بہت افسوسناک ہے لیکن ہم بطور عدالت مظاہروں کی توثیق نہیں کر سکتے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی، پیر کو نیب پراسکییوٹر امجد پرویز دلائل جاری رکھیں گے۔