تہران:ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پارلیمانی اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہان نے ایران میں صدارتی انتخابات 28 جون کو کرائے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق، اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے تحت، صدارتی امیدواروں کی کاغزات نامزدگی 30 مئی سے 3 جون تک ہوگی جبکہ صدارتی انتخابات کی مہم 12 سے27 جون تک چلائی جائے گی۔واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات صدرابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ناگہانی موت کے سبب کیے جا رہے ہیں۔ایرانی حکام نے اس ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقات شروع کردی ہے،ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے جو کہ بریگیڈئیر علی عبداللہی کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔کمیٹی کے اراکین نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی وجوہات جاننے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔بتایا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا۔