کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم قائدِ عوام شہید بھٹو کی میراث کو یاد کرتے ہیں، جنہوں نے پاکستان کو جوہری قوت بنانے کا خواب دیکھا۔پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 26 سال مکمل ہونے پر پیغام میں تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی دباؤ کے باوجود اپنے خواب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جوہری پروگرام کی غیر متزلزل بنیاد رکھی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے وڑن کو ثابت قدمی سے آگے بڑھایا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدید میزائل ٹیکنالوجی کی فراہمی سمیت پاکستان کے دفاع کے لیے کلیدی خدمات ہیں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1998 میں بطور اپوزیشن لیڈر پر زور دیا تھا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے، محترمہ بینظیر بھٹو نے حکومتِ وقت پر دباؤ ڈالا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن جواب دیا جائے۔ان کاکہنا تھا کہ ہمارے سائنسدانوں اور ان تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، جوہری پروگرام کے سائنسدان اور اس سے منسلک دیگر افراد ہمارے ہیرو ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کم از کم جوہری ڈیٹرنس کی قومی پالیسی برقرار رکھنے کے حامی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جوہری پھیلاؤ سمیت ہتھیاروں کی عالمی دوڑ کے خلاف آواز اٹھائے رہے گی، ہم پرامن بقائے باہمی، مکالمے اور جمہوریت کے اصولوں میں یقین رکھتے ہیں، آج کے دن ہم اپنی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں اور ایک محفوظ، پرامن اور جمہوری پاکستان کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔واضح رہے کہ 1998 میں آج کے دن کیے گئے کامیاب ایٹمی تجربات کی یاد میں قوم آج 26 واں یوم تکبیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔