نئی دہلی:بھارت کے دارالحکومت دہلی میں درجہ حرارت 52.3 ڈگری سیلسیس کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بھارت کے میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ شدید گرمی کی لہر میں بدھ دہلی کے دو علاقوں نریلا اور منگیش پور میں اب تک کا شدید ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔انڈیا کے میٹ دیپارٹمنٹ کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی یہ درجہ حرارت برقرار رہے گا۔مئی 2022 میں دہلی کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 49.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
انڈیا میں عام طور پر موسم گرما میں درجہ حرارت شدت اختیار کر جاتا ہے تاہم کئی سالوں پر محیط سائنسی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث گرمی کی لہر طویل اور اس کا دورانیہ زیادہ ہو گیا ہے جبکہ اس میں شدت بھی آئی ہے۔دہلی کے حکام نے پانی کی کمی کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ چند علاقوں میں سپلائی مزید کم کر دی ہے۔وزیر پانی آتشی مرلینا نے پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے ‘اجتماعی ذمہ داری’ ادا کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہم نے کچھ اقدامات اٹھائے ہیں جیسے کہ بہت سے علاقوں میں پانی کی سپلائی دن میں دو مرتبہ سے کم کر کہ ایک مرتبہ کی گئی ہے۔اس طرح سے جو پانی محفوظ کیا جائے گا وہ پانی کی کمی کے شکار علاقوں میں سپلائی کیا جائے گا جہاں دن میں صرف 15 سے 20 منٹ کے لیے پانی دستیاب ہوتا ہے۔انڈیا کے میٹ ڈیپارٹمنٹ نے گرمی کے صحت پر اثرات کے حوالے سے خبردار کیا ہے اور بالخصوص بچوں، عمر رسیدہ اور بیماریوں کا شکار افراد کے لیے خاص احتیاط برتنے کا کہا ہے۔دوسری جانب سمندری طوفان ریمل کے باعث مغربی بنگال کی ریاست اور میزورام کی شمال مشرقی ریاست تیز ہواؤں اور بارشوں کی لپیٹ میں ہیں۔بارشوں سے انڈیا اور بنگلہ دیش میں اب تک 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔بنگلہ دیش کے میٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ ریمل ملکی تاریخ کا طویل ترین سائیکلون تھا جس کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیاں بتائی گئی ہے۔