بانی پی ٹی آئی کی ملک دشمنی پر کمیشن بننا چاہیے: عظمیٰ بخاری

لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں، ان کی ملک دشمنی پر کمیشن بننا چاہیے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کوشاں ہے، پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچا رہے ہیں، اس مہینے پٹرول کی قیمت میں 20سے21روپے کمی ہوئی ہے،حکومت آٹے اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں کافی کمی لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دو طرح کی سیاست ہورہی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب نے جب حلف اٹھایا تو آٹے کا تھیلا2800 روپے کا تھا،20کلو آٹے کا تھیلا آج 1600روپے میں فروخت ہورہا ہے، پی ٹی ا?ئی فتنہ فساد پارٹی مہنگائی میں کمی پر شور مچا رہی ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا مخصوص جماعت کی جانب سے ڈیجیٹل دہشتگردی کی جارہی ہے، فوج اور اداروں کے خلاف منظم طریقے سے سازش ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نفرتیں پھیلا رہے ہیں ،ان کے دماغ میں 9 مئی جیسا ایک اور پلان ہے ،کمیشن اس بات پر بننا چاہیے کہ یہ سب کچھ کیا ہورہا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اب بھی 1971کی متنازعہ ویڈیو موجود ہیں ،تشدد اور انتشار عمران خان کی ذات کا حصہ ہے، تحریک انصاف نے اپنے دور میں حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ کا ذکر کیوں نہیں کیا، ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن صوبوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی دوسروں کے بچوں کو انتشار کیلئے استعمال کررہے ہیں، وہ جو بیانیہ بناتے ہیں اسے بچے اندھا دھند فالو کرنا شروع کردیتے ہیں ، میری والدین سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو گھناؤنے مقاصد کیلئے استعمال نہ ہونے دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں