لاہور:فالسہ موسم گرما کی بہترین سوغاتوں میں سے ایک ہے، یہ کھٹا میٹھا پھل منہ کا ذائقہ تو بہتر کرتا ہی ہے ساتھ ہی گرمی کے توڑ کیلیے بے انتہا کارآمد بھی ہے۔لیکن کیا یہ بات آپ کے علم میں ہے کہ فالسے میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹ، کیلشیئم، غذائی فائبر، فاسفورس، آئرن، پوٹاشیم، سوڈیم، وٹامن اے، وٹامن بی 1، وٹامن بی 2، وٹامن بی 3 اور وٹامن سی جیسے اجزاء موجود ہوتے ہیں۔فالسے کو سپر فوڈ بھی کہا جاتا ہے، انسائیکلو پیڈیا آف میڈیسنل پلانٹس کے تحت فالسہ نظام ہاضمہ کو بہتر کرتے ہوئے جسم کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے اور پانی کی کمی دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔ماہرین کے مطابق کھٹے میٹھے فالسے کا شربت غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے، فالسے کا جوس معدے سے جڑی شکایتوں اور درد کو بھی دور کر سکتا ہے، اینٹی آکسیڈنٹس کیحامل اس پھل سے کینسر کے خطرے میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے۔فالسے میں مٹھاس نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، اسی لیے پاکستان جرنل آف فارماسوٹیکل سائنسز کے مطابق اس کم شکر والے پھل سے ذیابطیس کے مریض بھی لطف اٹھا سکتے ہیں۔یہ دل کے پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے، اس پھل کی جامنی رنگت دراصل ایک اینٹی آکسیڈنٹ ‘ایتھوسیان’ کے سبب ہوتی ہے جو جِلد میں لچک پیدا کرنے والے کیمیکل ہارمون کولاجن کو تحفظ فراہم کرتا ہے جس سے جِلد جوان رہتی ہے۔