ملتان:غذائی و طبی ماہرین کی جانب سے سفید شکر کو ایک زہر قرار دیا جانے لگا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ چینی کا باقاعدہ اور طویل عرصے تک استعمال انسانی جسم کے مختلف اعضاء کو ناکارہ بنا دیتا ہے۔ماہرین کے مطابق چینی کا زیادہ استعمال قبل از وقت بڑھاپے کو فروغ دیتا ہے اور دل، جگر، گردے، معدے، جِلد، بلڈ پریشر اور ذیابطیس جیسے مختلف مسائل کا سبب بھی بن سکتا ہے۔دوسری جانب غذائیت اور تندرستی کے شعبے کی بات کی جائے تو شوگر شروع ہی سے کافی متنازع موضوع رہا ہے، چینی (چکر) جسم کو توانائی تو بخشتی ہے جسے جسم مشقت کے کام کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے لیکن اس کے باوجود چینی کی زیادتی مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق شوگر کا زیادہ استعمال ہی سیر ہو کر کھانے اور جنک فوڈ کے زیادہ استعمال کا عادی بناتا ہے۔چینی کے استعمال سے ٹائپ 2 ذیابطیس کا خطرہ اور بھوک بڑھ جاتی ہے، قلبی مسائل، ذیابطیس اور جگر کی بیماریوں اور وزن میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ جسم میں کولیسٹرول کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق جہاں چینی مجموعی صحت کے لیے نقصان دہ ہے وہیں یہ جسم کے سب سے بڑے آرگن، حصے، جِلد کے لیے بھی انتہائی مضر ہے۔1ـ ماہرین کے مطابق جِلد پر شوگر کی زیادتی کے آثار باآسانی دیکھے جا سکتے ہیں کیونکہ شکر کے زیادہ استعمال سے جِلد سے متعلق مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں جیسے کہ ایکنی، ایگزیما، جِلد کا ڈھیلا پڑ جانا اور قبل از وقت بڑھاپے کا خطرہ۔2ـ ایک تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ جو افراد چینی کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں امراض قلب سے موت کا خطرہ 38 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔محققین کے مطابق میٹھی غذاؤں کے زیادہ استعمال سے جسمانی وزن اور ورم بڑھتا ہے جبکہ خون میں چکنائی کی مقدار بھی بڑھ جاتی ہے، یہ سب امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔3ـچینی کی زیادہ مقدار کا براہِ راست تعلق ڈیمنشیا سے بھی ہے۔2017ء میں یونیورسٹی آف باتھ کے محققین نے الزائمر کی بیماری کے بارے میں ایک تحقیق کے نتائج سے اخذ کیا کہ خون میں شکر کی سطح اور الزائمر کی نشوونما کے درمیان گہرا تعلق ہے۔ اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ بہت زیادہ گلوکوز (شوگر) ایک اہم انزائم کو نقصان پہنچا سکتی ہے جو الزائمر کے ابتدائی مراحل میں جسم کو سوزش سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔4ـشوگر کا زیادہ استعمال بچوں کی صحت کو بری طرح سے متاثر کر رہا ہے، جب بچے کچھ میٹھا کھانے کے لیے مسلسل رو رہے ہوں تو ان کو نہ کہنا مشکل ہے لیکن یاد رکھیں آپ ان کے مطالبات کو تسلیم نہ کرکے ان کا ہی بھلا کر رہے ہیں۔چھوٹے بچوں میں شوگر کا زیادہ استعمال توانائی میں قلیل مدتی اضافے، رویے میں تبدیلی اور دانتوں کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔طویل مدتی خطرات میں وزن میں اضافہ، موٹاپا، غذائی اجزاء کی کمی، انسولین کے خلاف مزاحمت، اور علمی افعال پر ممکنہ اثرات شامل ہیں۔زیادہ شوگر والی غذاؤں کا استعمال مستقبل میں بچوں کی ترجیحات اور غذائی عادات کو متاثر کر سکتا ہے۔۔5ـزیادہ میٹھا کھانے کی عادت سے جگر کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ اس عضو کا کام ہی شکر کو چربی میں تبدیل کرنا ہے۔اگر آپ زیادہ مقدار میں چینی کا استعمال کرتے ہیں تو جگر بہت زیادہ مقدار میں چربی بنانے لگتا ہے جو اس کے اردگرد جمع ہو جاتی ہے اور ا?نے والے وقتوں میں صحت کے سنگین مسائل کا سبب بھی بن سکتی ہے۔۔6ـآسان لفظوں میں اگر چینی کی زیادتی کے نقصانات بتائے جائیں تو یہ جسم میں بننے والے کینسر کے خلیوں کی پسندیدہ غذا قرار دی گئی ہے۔چینی کا زیادہ استعمال جسمانی ورم اور موٹاپے کا باعث بنتا ہے اور یہ تینوں عناصر کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ میٹھے مشروبات کے استعمال سے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔۔7ـشکر منہ میں پائے جانے والے بیکٹریاز کی غذا بن جاتی ہے، بیکٹریاز اس شکر کو ہضم کر کے تیزاب خارج کرتے ہیں جو دانتوں کی سطح کو متاثر کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جو افراد اکثر میٹھی غذائیں کھاتے ہیں ان میں دانتوں کی کمزوری اور مسائل کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔۔8ـشوگر ‘گلائی کیشن’ نامی عمل کو فروغ دے سکتی ہے جہاں شوگر کے مالیکیول جِلد میں ‘کولیجن’ اور ‘ایلسٹن’ پٹھوں سے منسلک ہوتے ہیں جس سے اس کی لچک میں اور جھریوں میں اضافہ ہوتا اور قبل از وقت بڑھاپے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔9ـغذائی ماہرین کے مطابق میٹھی غذائیں نمکین سے کئی گنا زیادہ بدتر ہوتی ہیں، 2010 میں امریکن سوسائٹی آف نیفرولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق زیادہ فرکٹوز والی خوراک آپ کے بلڈ پریشر کو بڑھا سکتی ہے۔۔10ـسوڈا یا سافٹ ڈرنکس کا استعمال گردوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے، ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ سوڈا اور میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال گردوں کے دائمی امراض سے متاثر کرنے کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔۔11ـچینی سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے بلڈ شوگر اور انسولین کی سطح میں بہت تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جس سے عارضی طور پر توانائی بڑھ جاتی ہے مگر توانائی میں یہ اضافہ بہت تیزی سے کم بھی ہو جاتا ہے جس کے باعث تھکاوٹ اور کمزوری جیسے احساسات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔۔12ـدنیا بھر میں موٹاپے کی شرح بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے جو کہ خاص طور پر میٹھے مشروبات کا استعمال اس کی ایک بڑی وجہ ہے، سوڈا، جوس اور دیگر میٹھے مشروبات کے استعمال سے ناصرف بھوک اور کھانے کی اشتہا بڑھتی ہے بلکہ ان مشروبات میں کیلوریز بھی بہت زیادہ ہوتی ہیں جن سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔